شیوپال یادونے شرکت نہیں کی، اختلاف کی قیاس آرائیاں تیز
لکھنؤ، 27؍جون(ایس او نیوز؍آئی این ایس انڈیا )اتر پردیش میں اگلے سال ہونے والے اسمبلی انتخابات کی آہٹ کے درمیان وزیراعلیٰ اکھلیش یادونے آج اپنی کابینہ میں توسیع کرتے ہوئے چار نئے وزراء کو شامل کیا اور گزشتہ ہفتے برخاسست کئے گئے بلرام یادوکی واپسی ہوئی ہے۔وہیں وزیراعلیٰ نے کابینہ وزیر منوج کمار پانڈے کو کابینہ سے ہٹا دیا۔گورنر رام نائک نے گورنرہاؤس میں منعقد تقریب میں بلرام یادوسمیت3 کابینہ اور 2 آزاد انہ چارج کے وزراء کو حلف دلایا ۔اکھلیش نے بلرام یادو کو گزشتہ منگل کو مبینہ طورپر ایس پی میں قومی ایکتادل کے انضمام میں کردار اداکرنے کے لیے کابینہ سے ہٹادیا تھا۔ایس پی پارلیمانی پارٹی نے ہفتہ کو اس انضمام کومنسوخ کر دیا تھا۔آج جن دیگر وزراء کو حلف دلایا گیا ، ان میں نارد رائے بھی شامل ہے، جنہیں چند ماہ پہلے ہی کابینہ سے ہٹادیاگیاتھا۔ضیاء الدین کو بھی کابینہ وزیر کے طور پر شامل کئے جانے کا فیصلہ ہوا ہے، لیکن وہ شہر میں نہ ہونے کی وجہ سے آج حلف نہیں لے سکے۔روی داس مہیروترا اور شاردا پرساد شکلا کو ریاستی وزیر (آزادانہ چارج) کے طور پر حلف دلایاگیا۔گورنرنے بہر حال وزیراعلیٰ کی سفارش پر سائنس و ٹیکنالوجی کے محکمہ کے کابینی وزیر منوج کمار پانڈے کو کابینہ سے ہٹادیا ہے۔حلف برداری کی تقریب میں وزیراعلیٰ کے علاوہ ایس پی سربراہ ملائم سنگھ یادو، حال ہی میں پارٹی میں واپس آئے امرسنگھ اور پارٹی کے قومی جنرل سکریٹری رام گوپال یادو بھی موجود تھے، لیکن سینئر وزیر اور وزیر اعلی کے چچا شیو پال سنگھ یادو کی غیر موجودگی بحث کا موضوع رہی۔واضح رہے کہ اکھلیش کابینہ کی یہ آخری توسیع تھی ، کیونکہ اس کے ساتھ ہی کابینہ میں وزراء کی تعداد 60ہو گئی ہے اور اس کی مزید توسیع نہیں ہو سکتی ۔2012میں وزیر اعلی بننے کے بعد اکھلیش اپنی کابینہ کی اب تک7 بار توسیع اور تنظیم نوکرچکے ہیں۔موجودہ وقت میں ان کی کابینہ میں 26کابینہ وزیر، 12وزیر مملکت آزادانہ چارج اور22وزراء مملکت شامل ہے، جن میں سے ضیاء الدین رضوی کو ابھی حلف لینا ہے لیکن ابھی نئے وزراء کے محکموں کا اعلان نہیں کیا گیا ہے۔